Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد کا چائے والا راتوں رات سوشل میڈیا سٹار بن گیا

اسلام آباد کا چائے والا راتوں رات سوشل میڈیا سٹار بن گیا
October 18, 2016
لاہور (92نیوز) سوشل میڈیا پر سٹارز کے چرچے تو خوب ہوتے ہیں لیکن آجکل ایک چائے والا سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر چھایا ہوا ہے۔ نیلی آنکھوں والے اس خوبرو لڑکے کا موازنہ جہاں پاکستانی سپرسٹار فواد خان سے کیا جا رہا ہے وہیں لوگ اسے بالی وڈ کے تمام چہروں سے بہتر قرار دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گہری نیلی آنکھوں اور ماڈلز جیسی جسامت والا یہ خو برو نوجوان آج کل لاکھوں دلوں کی دھڑکن بنا ہوا ہے۔ یہ چائے والا جہاں سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے وہیں سوشل میڈیا صارفین اسے کرہ ارض کا خوبصورت ترین نوجوان قرار دے رہے ہیں۔ اسلام آباد کے اتوار بازار میں چائے بناتے اس نوجوان کی تصویر ایک فوٹو گرافر نے بنائی جو سوشل میڈیا پر اتنی وائرل ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے اس چائے والے نے سٹارز سے بھی زیادہ توجہ حاصل کر لی۔ سوشل میڈیا صارفین اس نوجوان کو پاکستانی سپرسٹار فواد خان سے تشبیہ دے رہے ہیں اور اسے بالی وڈ سلیبر ٹیز سے بھی زیادہ پرکش قرار دیا جارہا ہے۔ ایک ٹویٹر صارف نے بھارتی سلیبرٹی کرن جوہر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے پاکستان کے چائے والے بھارت کے کافی والوں سے زیادہ بہتر ہیں۔ سوشل میڈیا پر مچی اس دھوم میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی خوب گھسیٹا جا رہا ہے۔ ماضی میں چائے بیچنے والے نریندر مودی کا پاکستان کے اس چائے والے سے مواز نہ کرتے ہوئے ٹویٹر صارفین کہتے ہیں پاکستان کی گلی گلی میں خوبصورتی بسی ہے جس کا مقابلہ بھارت دور دور تک نہیں کر سکتا جبکہ کچھ صارفین کا خیال ہے اس پرکشش نوجوان کو شوبز میں قسمت آزمائی کرنی چاہئے۔