Friday, April 19, 2024

اسلام آباد میں امربالمعروف جلسے میں شرکت کیلئے ملک بھر سے قافلے رواں دواں

اسلام آباد میں امربالمعروف جلسے میں شرکت کیلئے ملک بھر سے قافلے رواں دواں
March 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج اسلام آباد میں پاور شو کرے گی۔ تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

مرکزی اسٹیج، ساؤنڈ سسٹم اور اسکرین کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ خواتین کیلئے الگ انکلوژر تیار کرلیا گیا۔ پریڈ گراؤنڈ جلسہ گاہ میں کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ بنانے نکلے ہیں۔ یہ تحریک انصاف کی نہیں پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے، جس نے جلسے میں آنا ہے، رش سے بچنے کیلئے جلد نکلے۔

ادھر پی ٹی آئی کا بذریعہ ٹرین کراچی سے روانہ ہونے والا قافلہ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے، پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی اور کارکنوں نے پارٹی نغموں پر ٹرین میں رقص کیا۔

پی ٹی آئی کا قافلہ ہفتے کو رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کی قیادت میں روانہ ہوا تھا، قافلے میں رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی، عدیل احمد اور ادیبہ حسن بھی شریک ہیں، ایم پی اے شہزاد قریشی کا کہناتھا کہ اسلام آباد میں کپتان کا خطاب تاریخی ہوگا۔