Thursday, May 2, 2024

اسلام آباد کے ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ، جلسے جلسوس اور ریلیوں پر پابندی

اسلام آباد کے ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ، جلسے جلسوس اور ریلیوں پر پابندی
April 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈی چوک میں کارکنوں کی ممکنہ آمد کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات سخت کردئیے۔ ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون میں جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی، دو دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دن ریڈ زون کی سکیورٹی فول پروف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کسی جماعت کے کارکنوں کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون میں جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی۔ ریڈ زون میں ایک زائد افراد کے جمع کرنے پر بھی پابندی عائد
دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائیگی۔ وفاقی دارلحکومت میں دو روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی، پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔

اسلام آباد کی سکیورٹی کیلئے مختلف صوبوں سے مزید فورس منگوانے کا فیصلہ کیا گیا اور ایف سی کے 1500 مزید جوان اور افسران منگوائے جائیں گے۔ پنجاب پولیس کے 300 مرد اور 100 خواتین پولیس اہلکاروں کو آج رات بلالیا جائیگا۔

اتوار کو اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔ ریڈزون کے داخلی راستوں پر مزید فورس تعینات کی جائے گی جبکہ فورس کو اینٹی رائٹ کٹس اور آنسو گیس شیلز آج رات جاری کردیئے جائیں گے۔ریڈزون کو جانیوالے راستوں پر رینجرز اور ایف سی پہلے سے تعینات ہے، ریڈزون میں اہم عمارتوں پر وفاقی پولیس کیساتھ رینجرز، ایف سی بھی تعینات ہے۔