Saturday, May 4, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ کا شہزاد اکبر اور شہباز گل کا نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا شہزاد اکبر اور شہباز گل کا نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کا حکم
April 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہزاد اکبر اور شہباز گل کا نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر امن اللہ نے شہزاد اکبر اور شہباز گل کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے خلاف کیس کی سماعت کی ۔ ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں افراد کیخلاف ناجائز ذرائع سے دولت کمانے و کرپشن کے دیگر الزامات ہیں۔ اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے انکے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کی درخواست کی ۔ ملک میں جو حالات سامنے آئے اس دوران نام سٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ کیا ہو گیا تھا؟ کیا مارشل لا لگ گیا تھا ؟ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو شرمندہ نہ کریں۔ یہ جان لیں یہ آئینی عدالت آپ کو یہ سب نہیں کرنے دے گی۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ  عدالت ایف آئی اے سے پوچھ لے کہ ہم خود ہی اڈیالہ چلے جاتے ہیں جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کہ کیا آپ جیل جانا چاہتے ہیں؟شہزاد اکبر نے جواب دیا کہ اگر یہی حالات رہے تو شاید جانا پڑے گا۔ عدالت نے ایف آئی اے کو جواب جمع کرانے کی مزید مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی ۔

عدالت نے شہزاد اکبر اور شہباز گل کے نام فوری طور پر اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آٗی اے کو دونوں افراد کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کی۔ کیس کی سماعت 18 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔