Friday, April 26, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا حکم معطل کر دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا حکم معطل کر دیا
February 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا حکم معطل کر دیا۔

علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور نے نااہلی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن شفافیت کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق شک کا فائدہ امیدوار کو ملنا چاہیے تھا۔ سمری انکوائری کے بغیر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار نہیں دیا جا سکتا۔ درخواست میں چیف الیکشن کمیشنر، ریجنل الیکشن کمشن اور کامران مرتضیٰ کو فریق بناتے ہوئے آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کے حکم امتناع کی متفرق درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز عمر امین گنڈا پور کو ڈیرہ اسماعیل  میں تحصیل مئیر کی نشست پر انتخاب لڑنے کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔

دوسری جانب علی امین گنڈاپور کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا جنرل سیکرٹری مقرر کردیا گیا ہے۔ عمران خان کی منظوری کے بعد مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔