Friday, April 26, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق گورنر پنجاب کی درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دے دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق گورنر پنجاب کی درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دے دیا
May 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنر عہدے سے برطرفی کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔

سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنرعہدے سے برطرفی کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت ہوئی۔ عمر سرفراز چیمہ اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔

بابر اعوان نے کہا کہ ہمیں ڈی نوٹی فائی کرنے کا نوٹیفکیشن نہیں دیا گیا اس لئے درخواست کے ساتھ واٹس ایپ کی کاپی لگائی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ  نے ریمارکس دیئے کہ یہ ڈی نوٹی فائی تو وفاق نے کیا ہے۔ صدر کا کیا اختیار ہے اور کہاں ان پر بائنڈنگ ہے یہ تو پہلے سے طے ہے۔ یہ پارلیمانی نظام حکومت ہے صدارتی نظام حکومت نہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پر اعتراضات ختم کرتے ہوئے سماعت کیلئے لارجر بنچ تشکیل دے دیا۔ کیس کی سماعت 24 مئی  تک ملتوی کر دی گئی۔

سماعت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ استعفی دینے اور قبول کرنے والے کو دیکھنا چاہیے تھا کہ یہ آئینی ہے یا نہیں۔ایڈوکیٹ جنرل کی رپورٹ میں استعفی کو ردی کی ٹوکری کے برار قرار دیا گیا۔

عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ عید سے پہلے طاقت کے زور پر ایک آئینی وزیر اعلی کے دفتر پر قبضہ کرکے ایک غیر آئینی وزیر اعلیٰ کو بٹھایا گیا۔