Thursday, March 28, 2024

عراقی فوج نے داعش سے موصل کے 20 دیہات کا کنٹرول چھین لیا

عراقی فوج نے داعش سے موصل کے 20 دیہات کا کنٹرول چھین لیا
October 19, 2016
موصل (ویب ڈیسک) عراق کے شمالی شہر موصل کو داعش سے آزاد کرانے کے لیے سرکاری فورسز کی پیش قدمی جاری ہے۔ عراقی فورسز نے موصل کے نواح میں بیس دیہات کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا۔ ترکی بھی داعش کے خلاف فضائی حملوں میں حصہ لے گا۔ تفصیلات کے مطابق عراقی فورسز اور اس کی اتحادی ملیشیا کی موصل کی جانب پیش قدمی تیزی سے جاری ہے اور داعش کو موصل کے نواحی قصبوں سے بھاگنے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ عراقی فورسز نے شہرکے بیس قریبی دیہات کا قبضہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ عراقی فورسز اب موصل کے مرکز سے صرف تیس میل کی دوری پر ہے۔ موصل کے شہریوں کا کہنا ہے کہ داعش کے جنگجو لوگوں کو نقل مکانی سے روک رہے ہیں اور انہیں ایسی عمارتوں میں رہنے کےلئے مجبورکیا جارہا ہے جہاں فضائی حملے کیے جا رہے ہیں۔ داعش کا سربراہ البغدادی موصل میں ہی موجود ہے جس کی حفاظت ہزاروں جنگجو کررہے ہیں۔ موصل کے جنوبی اور مشرقی علاقوں سے ایک سو کے قریب خاندان نقل مکانی کر چکے ہیں۔ ادھر پینٹاگون کے ترجمان نے بھی تصدیق کی ہے کہ داعش لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ فرانس موصل کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے کل ایک بین الاقوامی اجلاس کی میزبانی کرے گا جبکہ امریکہ کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد کے وزرائے دفاع کا آئندہ منگل کو پیرس میں اجلاس ہوگا جس میں موصل میں فوجی محاذ پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔