Thursday, April 25, 2024

عراقی فوج نے کرکوک پر داعش کا حملہ پسپا کردیا‘ 74 جنگجو ہلاک

عراقی فوج نے کرکوک پر داعش کا حملہ پسپا کردیا‘ 74 جنگجو ہلاک
October 25, 2016
بغداد (ویب ڈیسک) عراقی فورسز نے کرکوک پر داعش کے حملے کو پسپا کر دیا ہے اور تین روز کی لڑائی میں داعش کے 74 جنگجو مارے جا چکے ہیں۔ ادھر موصل کے مغرب میں واقع قصبے سنجار میں داعش کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عراق کے شمالی شہر کرکوک پرداعش کا حملہ مکمل طور پر پسپا کر دیا گیا ہے۔ شہر میں زندگی معمول پر آناشروع ہو گئی ہے۔ تین روز کی لڑائی کے دوران داعش کے ایک کمانڈر سمیت متعدد ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کرکوک میں داعش کے ساتھ لڑائی میں چھیالیس افراد ہلاک ہو گئے جن میں زیادہ تر عراقی سکیورٹی فورسز کے اہلکار شامل ہیں جبکہ شہر میں کردوں کے زیر کنٹرول حصے میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ ادھر عراقی فورسز کی حامی کرد ملیشیا نے موصل شہر کے مغرب میں واقع قصبے سنجار پر داعش کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ کرد ملیشیا کا کہنا ہے کہ دو گھنٹے کی لڑائی میں داعش کے پندرہ جنگجو ہلاک ہوئے اور حملے میں استعمال ہونے والی داعش کی متعدد گاڑیاں تباہ کر دی گئیں۔ امریکی اتحادی طیاروں نے بھی موصل کے قریب داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ داعش مخالف اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران داعش کے ٹھکانوں پر بتیس فضائی حملے کیے گئے اور ان پر سترہ سو سے زائد بم گرائے گئے۔ داعش کے ایک سو چھتیس ٹھکانوں، اٹھارہ سرنگوں اور چھبیس گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا۔