Friday, March 29, 2024

برہان وانی کی شہادت کے بعد مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن گیا : وزیراعظم

برہان وانی کی شہادت کے بعد مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن گیا : وزیراعظم
October 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک کی جارحیت ہو یا کشمیر کا معاملہ پورا ملک متحدہے۔ پاک وطن کے دفاع کےلئے مل کر آگے بڑھیں گے۔ یکجہتی کا ثبوت دینا ہے۔ کہتے ہیں پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماوں کے اجلاس سے اتحاد کا واضح پیغام جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماوں کا اجلاس اسلام آباد میں ہواجس میں قومی رہنماوں کومقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں‘ بھارتی افواج کے ظلم و جبر اور کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلا س میں بھارت اور ساری دنیا کو واضح اور دو ٹوک پیغام دیا گیا کہ ملکی سلامتی اور یکجہتی کے تحفظ اور دفاع کے لیے پوری قوم متحد اور اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف نے تمام رہنماوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا سب کی تجاویز قیمتی ہیں‘ ہم نے یکجہتی کا ثبوت دینا ہے۔ انہوں نے کہا برہان وانی کی شہادت کے بعد مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن گیا۔ وقت آگیا ہے کہ اقوام عالم مسئلہ کے حل کےلئے کردار ادا کرے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے۔