Friday, April 26, 2024

پیسز چیمپئن شپ کا کل سے آغاز

پیسز چیمپئن شپ کا کل سے آغاز
October 17, 2016
لاہور(92نیوز)پاکستان آرمی کے زیر اہتمام انٹر نیشنل پیسز چیمپئن شپ کا آ غاز کل سے ہوگا جس میں امریکہ ، برطانیہ، آ سٹریلیا، چین سمیت 15 ممالک کی آرمیز  کے 370 جوان حصہ لیں گے ، افتتاحی تقریب کی فل ڈریس ریہرسل ایوب اسٹیدیم لاہور میں کی گئی۔ تفصیلات کےمطابق پہلی پیسز انٹر نیشنل چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب ایوب سٹیڈئم میں ہو گی جس کیلئے پاکستان پہنچنے والی غیر ملکی آ رمی کی ٹیموں نے فل ڈریس ریہرسل  کی۔ پاکستان آ رمی کی میزبانی میں پیسز انٹر نیشنل چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے ممالک ،چین ، سری لنکا ، مالدیپ ، انڈو نیشیا ، ملائیشیا ، نیپال ،سعودی عرب، اردن ،نیپال ، مالدیپ کے دستے مختلف اوقات میں پاکستان پہنچے ، جن کا ائیر پورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا ، پاک آ رمی کے جوانوں نے  مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور جواب میں آ نے والے مہمان آ رمی کے جوانوں نے پاک آرمی کو سیلوٹ پیش کئے۔ پیسز چیمپئن شپ میں بہترین صحت، ورزش ، پھرتی سمیت آ رمی کے خاص مقابلے 6 دن جاری رہیں  گے جس میں اول دوئم اور سوئم آ نےوالی ٹیموں کو ٹرافیاں دینے کے علاوہ انفرادی سطح پر بہترین کھلاڑیوں کو بھی انعامات دیئے جائیں گے۔ پیسز انٹر نیشنل چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب  23 اکتوبر کو ہو گی ۔