Saturday, April 20, 2024

بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلم طالبات کو حجاب پہننے پر پابندی کا معاملہ چیف جسٹس کرناٹک ہائیکورٹ کو بھیج دیا گیا

بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلم طالبات کو حجاب پہننے پر پابندی کا معاملہ چیف جسٹس کرناٹک ہائیکورٹ کو بھیج دیا گیا
February 9, 2022 ویب ڈیسک

نئی دہلی (92 نیوز) بھارتی ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں باحجاب طالبات پر پابندی کا فیصلہ برقرار ہے۔ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے معاملہ چیف جسٹس کرناٹک ہائیکورٹ کو بھیج دیا۔

کرناٹک ہائی کورٹ کے سنگل رکنی بنچ نے حجاب کیس چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔ کیس کی سماعت جسٹس ایس کرشنا ڈکشٹ نے کی۔ سنگل رکنی بنچ نے لارجر بنچ بنائے جانے کی سفارشات کے ساتھ کیس چیف جسٹس ریتو راج اوستی کو بھجوا دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ عبوری ریلیف کا فیصلہ بھی لارجر بنچ ہی کرے گا۔ جج ڈکشٹ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنا دیا جس میں کہا حجاب پہننے اور نہ پہننے کا معاملہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

ادھر حجاب کیخلاف انتہاپسندی کرناٹک کے بعد دیگر ریاستوں میں بھی پھیلنے لگی۔ مدھیہ پردیش میں باحجاب طالبات کواسکول میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ ریاست مدھیہ پردیش کے شہر پڈوچیری کے ایک اسکول میں حجاب کرنے والی طالبات کواسکول میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے انتہاپسند وزیرتعلیم بھی حجاب کیخلاف زہر اگلنے لگے۔ انہوں نے کہا حجاب کو اسکول یونیفارم کا حصہ نہیں ہونا چاہیے، جسے حجاب پہننا ہے وہ اپنے گھر میں پہنے۔ حجاب پر پابندی کی پالیسی لانے پر غور کیا جارہا ہے۔