Tuesday, May 21, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بدستور جاری ، 119 ویں دن بھی وادی میں زندگی مفلوج

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بدستور جاری ، 119 ویں دن بھی وادی میں زندگی مفلوج
November 4, 2016
سرینگر(92نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں اور مسلسل ایک سو انیس دن سے مقبوضہ وادی میں زندگی مفلوج ہے جبکہ سترہ ہفتوں سے سرینگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی جا رہی  میر واعظ عمر فاروق کو خطبہ جمعہ سے روکنے کے لیے مسلسل نظر بند رکھا گیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق نو جولائی کو تحریک آزادی کشمیر کے نوجوان رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے ایک سو انیس دن سے مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز ظلم کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں سترہ ہفتوں میں بھارتی فوج نے ایک سو سے زائد کشمیری شہید کردیئے ہزاروں معصوم کشمیری زخمی اور اپنی بینائی سے محروم ہوچکے  اور 9 ہزار سے زائد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ آج پھر سرینگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کا اجتماع روکنے کے لیے مسجد کو محاصرے میں رکھا گیا مقبوضہ وادی میں کاروبار زندگی مکمل مفلوج ہے حریت کانفرنس کی اپیل پر آج پھر مکمل ہڑتال کی گئی دکانیں، دفاتر، اسکول، بند رہے بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج دس نومبرتک بڑھا دیا گیا۔ مقبوضہ وادی میں بلائے گئے بھارتی فوج کے اضافی دستے اسکولوں میں رکھے گئے ہیں جس سے نظام تعلیم بھی مفلوج ہو گیا ہے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کے لیے بنائے گئے سنٹروں سے فوج نہیں نکالی گئی جس کے بعد سینکڑوں طلبہ کے امتحانی سنٹر تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔