Friday, April 26, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری‘ عالمی برادری نوٹس لے : دفترخارجہ

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری‘ عالمی برادری نوٹس لے : دفترخارجہ
October 14, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں۔ عالمی برادری کومقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا ہو گا۔ انگریزی اخبار کی خبر مفروضات پر مبنی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ کے دوران نفیس زکریا کاکہنا تھا کہ کبھی بارڈر پر کشیدگی تو کبھی میڈیا پر اشتعال انگیز مہم بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کےلئے ہرممکن ہتھکنڈے آزما رہا ہے۔ ان سب کے باوجود پاکستان مسئلہ کشمیر کو احسن انداز سے اجاگر کر رہا ہے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا ہو گا۔ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستانی میڈیا ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے اور یہی کردار ہونا بھی چاہئے۔ ملک کے تمام ادارے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کےلئے ایک پیج پر ہیں۔ سرل المیڈا کی خبر مفروضے پر مبنی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کی سرزمین کو دہشت گردی کےلئے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر قطعی طور پر تنہا نہیں۔