Saturday, April 27, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت 85 ویں روز بھی جاری ، پیلٹ گنزسے درجنوں زخمی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت 85 ویں روز بھی جاری ، پیلٹ گنزسے درجنوں زخمی
September 30, 2016
  سرینگر(92نیوز)مقبوضہ جموں کشمیرمیں بھارتی مظالم کا سلسلہ  پچاسی ویں روز بھی جاری ہے نماز جمعہ کی ادائیگی اور سری نگر کے لال چوک پر کشمیریوں کے دھرنے کو روکنے کے لیے  کٹھ پتلی انتظامیہ نے کرفیو کو مزید سخت کردیا وادی فوجی چھاؤنی  کا منظر پیش کر رہی ہے۔ تفصیلات کےمطابق مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سلسلہ  طویل تر ہوگیا ہے  لیکن بھارت کے جبری تسلط سے آزادی کے خوہش مند کشمیری چوراسی روز گزرنے کے باوجود بھی بھارتی فورسز کے  ظلم وستم کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ حریت رہنماؤں کی اپیل پر آج وادی بھر میں  کشمیریوں کوبھارتی مظالم کے خلاف سری نگر کے لال چوک پر دھرنے کی کال دی گئی تھی  جسے روکنے کیلئے قابض بزدل انتظامیہ نے سری نگر سمیت متعدد علاقوں میں کرفیو کو سخت کرتے ہوئے علاقے کو چھاؤنی میں بدل دیا ۔ سری نگرسمیت وادی میں  کشمیریوں کو نماز جمعہ سے روکنے کے لیے بھی  بھارتی فورسز کی اضافی نفری  تعینات کی گئی تھی۔ دھرنا روکنے کے لئے کئے گئے سخت انتظامات کے باوجود کشمیری حریت رہنماؤں کی کال پر  سری نگر کے لال چوک میں جمع ہوگئے اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے ۔ بھارتی  فورسز نے روایتی ظلم کا مظاہرہ کرتے  ہوئے  مظاہرین پر ٹوٹ پڑی اور  انہیں منتشر کرنے کئے آنسو گیس کی شیلنگ کی  جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے، بھارتی فورسز نے  حریت رہنماؤں سمیت کئی کشمیریوں کو  بھی گرفتار کرلیا ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر کے ان  چوراسی دنوں میں  بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک سو پندرہ نہتے کشمیری شہید ہوچکے ہیں جبکہ گیارہ ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں ۔