Thursday, March 28, 2024

انڈیا نے فائرنگ کو سرجیکل سٹرائیک کا نام دیا : پاکستانی ہائی کمشنر

انڈیا نے فائرنگ کو سرجیکل سٹرائیک کا نام دیا : پاکستانی ہائی کمشنر
October 4, 2016
نئی دہلی (92نیوز) پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی دعوت دے دی۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ بھارت نے کنٹرول لائن پر فائرنگ کو سرجیکل سٹرائیک کا نام دیا۔ بھارت کی جانب سے پہلی بارسیز فائر سمجھوتے کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف نہیں۔ آیئے ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی تنازع ہے جسے سنجیدہ اور دیرپا سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ عبدالباسط کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلی بار سیزفائر سمجھوتے کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقے میں سرجیکل سٹرائیک کے کوئی آثار نہیں ملے۔ پاکستانی اور غیرملکی صحافیوں کو اس علاقے کا دورہ بھی کرایا گیا ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو پاکستانی فوجی شہیدہوئے۔ انہوں نے کہا کہ انتیس ستمبر کو کراس بارڈر فائرنگ کے سوا اور کوئی سرگرمی نہیں ہوئی۔ بھارتی ڈی جی ایم او کے بیان میں واضح طورپرکہا گیا ہے کہ واقعہ ایل او سی پر پیش آیا۔ سرحد پار کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ عبدالباسط کا کہنا تھا کہ غلط مفروضات اخذکرنے اور جھوٹی توقعات سے گریز کرنا ضروری ہے۔