Saturday, May 18, 2024

لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیاں بڑھ رہی ہیں  : ڈی جی آئی ایس پی آر

لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیاں بڑھ رہی ہیں  : ڈی جی آئی ایس پی آر
October 7, 2016
راولپنڈی (92نیوز)ڈی جی آئی ایس  پی آر لیفٹیننٹ جنرل  عاصم باجوہ کہتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیاں بڑھتی جارہی ہیں پاکستانی علاقوں میں کی  جانے  والی  شدید  فائرنگ  اور بھارت کی بے جا  بیان بازی حالات خراب کر رہی ہے پاکستان نے  کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے   لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق بھارت  جنگی  جنون میں سدھ بدھ کھو بیٹھا ۔ لائن آف کنٹرول پر  پا کستانی علاقے میں ایک ہی  روز میں   اسلحے اور گولہ بارود کے پچیس ہزار  راؤنڈ  فائر کر دیئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل  عاصم باجوہ  نے بدھ  کے روز ہونے والی اس سنگین  بھارتی جارحیت کا پول دنیا  کے سامنے کھول  ڈالا۔ چین کی نیوز ایجنسی کو  دیئے گئے  انٹرویو میں  لیفٹیننٹ جنرل  عاصم باجوہ  نے  بتایا کہ   بھارت لائن آٖف  کنڑول  پر  فائر بندی  کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ اور بھارتی  جارحیت کے واقعات جہاں بڑھتے جارہے ہیں وہیں ان میں شدت بھی آ رہی  ہےسرحد پار  سے  ہونے والی فائرنگ اور گولہ باری سے   گذشتہ ہفتے کے دوران   دو پاکستانی فوجی شہید ہوگئے  اور  نو زخمی ہوئے  بھارتی گولہ باری نے آٹھ شہریوں کو بھی زخمی  کیا ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے حالیہ کشیدگی کا مکمل  ذمہ دار بھارت کو قرار دیا اور  واضح کیا کہ پاکستان مذاکرات کی اہمیت سے آگاہ ہے ۔۔لائن آف کنڑول پر فائرنگ کے  ابتدائی واقعات پر  دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان ٹیلفونک رابطہ بھی ہوا لیکن  بھارت کی جانب سے فائرنگ اور  الزامات حالات خراب کر رہے ہیں  اور پاکستان  کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے  لائحہ عمل ترتیب دے چکا ہے لیفٹننٹ جنرل  عاصم باجوہ نے واضح کیا کہ پاکستان میں  اب کسی بھی دہشت گرد کی کوئی پناہ گاہ نہیں ۔