Friday, April 26, 2024

پاکستانی ہاکی ٹیم نے ایشیئن چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں قوم کو مایوس کردیا

پاکستانی ہاکی ٹیم نے ایشیئن چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں قوم کو مایوس کردیا
October 23, 2016
کوانٹن(سپورٹس ٰڈیسک)پاکستانی ہاکی ٹیم نے ایشین چیمپئنز ٹرافی کے اہم ترین میچ میں قوم کو مایوس کر دیا۔ دفاعی چیمپئن کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست ہو گئی۔ تفصیلات کےمطابق دفاعی چیمپئن ہونے کے باعث پاکستان کو فیورٹ سمجھا جا رہا تھا اور شائقین قومی ٹیم سے امیدیں لگائے بیٹھے تھے کہ وہ بھارت کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرے گی۔ میچ شروع ہوا تو پہلے کوارٹر میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا دونوں میں سے کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ دوسرے کوارٹر میں پردیپ مور نے بھارت کو ایک گول کی برتری دلا دی۔ میچ کا تیسرا کوارٹر نہایت سنسنی خیز اور فیصلہ کن ثابت ہوا جس  کے ابتدائی لمحات میں محمد رضوان نے پاکستان کی طرف سے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔ کوارٹر ختم ہونے سے چار منٹ پہلےعرفان جونیئر نے ایک اور گول کرتے ہوئے پاکستان کو بھارت پر ایک گول کی برتری دلا دی۔ تاہم اسی کوارٹر کے آخری لمحات میں روپندرپال سنگھ نے پینلٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا ۔ اس کے فورا بعد  رمن دیپ سنگھ نےبھارت کی جانب سے گول کر کےاپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلادی۔ پاکستان کو پہلے میچ میں ملائیشیا سے شکست ہو گئی تھی جبکہ دوسرے میچ میں اس نے کوریا کو ہرایا تھا۔ گرین شرٹس کا اگلا میچ منگل کو چین کے خلاف ہو گا۔