Tuesday, April 16, 2024

بھارت بغیرثبوت کے دہشتگردی کے الزامات پاکستان پر تھوپ دیتا ہے: یوسف رضا گیلانی

بھارت بغیرثبوت کے دہشتگردی کے الزامات پاکستان پر تھوپ دیتا ہے: یوسف رضا گیلانی
September 28, 2016
لاہور(92نیوز)سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت بلا سوچے سمجھے اور بغیر کسی ثبوت کے ہر دہشت گردی کے واقعے کا الزام پاکستان پر تھوپ دیتا ہے۔ پہلے ممبئی حملوں میں یہ طرز عمل اپنایا گیا اب اُڑی واقعہ پر شور شرابا کیا جارہا ہے ۔بھارت کے اس طرز عمل کا مقصد دنیا کی مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانا ہے ۔ تفصیلات کےمطابق سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ایک بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کا ہی اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ۔ بولے کہ بھارت ہر دہشت گردی کے واقعہ کا ذمہ دار پاکستان  کو ٹھہراتا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹا سکے آج بلوچستان کا نام بھی اسی لئے لیا جا رہا ہے  ۔سید یوسف رضا گیلانی نے برملا کہا کہ تحقیقات کئے بغیر پاکستان پر الزام لگانا بھارت کی عادت بن چکی ہے ۔ ممبئی حملوں پر خوب شور مچایا گیا جبکہ ثبوت مانگے تو وہ اب تک نہیں دے پایا اب یہی کچھ اڑی کے واقعہ پر بھی کیا جا رہا ہے۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو ایک عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہے۔ اُن کا اپنا بیٹا دہشت گردوں نے اغوا کیا ۔ سوات اور دیگر علاقوں میں فوجی آپریشن کے بعد امن قائم کیا گیا۔ پاکستان بھارت سمیت تمام ممالک سے دوستانہ اور پرامن تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔