Sunday, September 8, 2024

گیس 36فیصد مہنگی کریں یا عوام کو سبسڈی دیں: اوگرا کا وزیراعظم کو خط

گیس 36فیصد مہنگی کریں یا عوام کو سبسڈی دیں: اوگرا کا وزیراعظم کو خط
November 14, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اوگرا نے عوام پر گیس بم گرانے کے لیے تیاری کرلی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گیس قیمتوں میں 36 فیصد اضافے کے لیے وزیراعظم‘ وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ کو خط لکھ دیا۔ اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ حکومت گیس مہنگی نہیں کرنا چاہتی تو عوام کو سبسڈی دے۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے گیس کے نرخوں میں چھتیس فیصد اضافے کے لیے وزیراعظم‘ وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ کو خط لکھ دیا ہے۔ حکام کاکہناتھاکہ اوگرا نے پندرہ نومبر سے گیس مہنگی کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ کمپنیوں کی مالی ضرورت پوری کرنے کیلئے گیس کے نرخوں میں اضافہ کرنا قانونی طور پر لازم ہوچکا ہے۔ حکومت نے ایڈوائس نہ دی تو اوگر آرڈیننس کی روشنی میں پندرہ نومبر کو نوٹیفکیشن جاری کردیا جائیگا۔ پندرہ نومبر سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔ اوگرا حکام کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ چھ اکتوبر کو ارسال کیا گیا تھا۔ حکومت کے زبانی احکامات پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں روک سکتے۔ حکومت گیس مہنگی نہیں کرنا چاہتی تو عوام کو سبسڈی دی جائے۔ اوگرا نے اپنے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس سے گھریلو صارفین پر بوجھ پڑے گا۔