اٹک (92 نیوز) - مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ عمران خان کو اتنا دکھ اپنی کرسی جانے کا نہیں جتنا شہبازشریف کے وزیراعظم بننے کا ہے۔
جمعہ کو اٹک میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے چار سال صرف انتقام لینے میں لگا دیئے، نہ خود کام کیا نہ ہی کسی کو کرنے دیا۔ عید کے ساتھ آپ کو عمران خان سے جان چھوٹنے کی بھی مبارکباد دیتی ہوں۔
مریم نواز بولیں کہ فتح جنگ والوں کو میرا سلام، لندن سے نوازشریف کا بھی سلام، عمران خان جیسی نحوست سے پاکستان کو آزاد کردیا، یہ نحوست عوام کا آٹا چینی بجلی اور سکون کھا گئی۔ آپ کو دن رات کام کرنے والا وزیراعظم شہبازشریف مبارک ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ میں فتح جنگ نہیں اپنے گھر آئی ہوں، عمران خان اب اس تکلیف کی عادت ڈال لو، اب آنے والا دور نوازشریف اور شہبازشریف کا ہے۔ شہبازشریف کو آئے ابھی ایک مہینہ ہوا ہے تو آٹا سستا ہوگیا، بجلی کے کارخانے چلا دیئے۔
نائب صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ عثمان بزدار جیسی سوغات جب وزیراعلیٰ بنا تو کہا میرے گاؤں میں بجلی نہیں ہے، چار سال بعد جب بزدار رخصت ہوا تو پورے پنجاب میں ہی بجلی نہیں تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان انتقام میں لگا رہا، وقت پر ڈیزل نہیں منگوایا قوم لوڈشیڈنگ سے بلکتی رہی۔ عمران خان اس خط کو سازش قرار دیتا ہے جس کا وجود ہی نہیں، عمران خان سڑکوں پر کھڑا ہوکر وہ خط دکھا کر پیسہ مانگا کرے گا۔ عمران خان ہر روز نیا جھوٹ بولتا ہے، اب کہہ رہا ہے میں تو جولائی سے جانتا تھا میرے خلاف سازش ہورہی ہے۔