Saturday, April 20, 2024

اب لڑائی 26 یا 126 دن کی نہیں، اب آر ہوگا یا پار ہوگا، شیخ رشید

اب لڑائی 26 یا 126 دن کی نہیں، اب آر ہوگا یا پار ہوگا، شیخ رشید
April 30, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ عمران خان کی اسلام آباد مارچ کی کال پر انسانوں کا سمندر نکلے گا، اب لڑائی 26 یا 126 دن کی نہیں ہوگی، اب آر ہوگا یا پار ہوگا۔

ہفتہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اگر ایک دفعہ کال دے دی گئی تو پھر کوئی نہیں سنبھال سکے گا، مجھے یقین ہے عمران خان کال مئی میں ہی دے گا۔ عمران خان پر برا وقت ہے، میرے لیے ایسے وقت میں عمران خان کو چھوڑنا غداری ہوگا، اس بات پر میرا پورا شہر میرے ساتھ ہے۔ میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، چاہے مارا جاؤں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ انتخابات جلد سے جلد کرادیئے جائیں۔ نئے انتخابات بڑی عید کے آس پاس ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ تین چار مہینے پہلے جن خوفناک حالات میں ہم تھے انہی خوفناک حالات میں یہ جارہے ہیں۔ ہماری کوئی نیکی کام آگئی، اللہ نے ہمارے لیے بہتر کردیا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں عاشق رسول ہوں، روضہ رسولﷺ پر جو کچھ ہوا نہیں ہونا چاہئے تھا لیکن ان پانچ شکلوں کو جو کوئی دیکھتا ہے غصہ آجاتا ہے۔

سابق وزیرداخلہ بولے کہ رانا ثناء کی بات کا جواب دینا اپنی توہین سمجھتا ہوں۔ یہ کہتے ہیں شیخ رشید کو نہیں چھوڑیں گے، جتنی قید پاکستان کے تمام سیاستدانوں نے کاٹی ہے اتنی میں نے اکیلے نے کاٹی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مجھے دھمکیاں دی جارہی ہیں، اگر مجھے وقت ملا تو میں ممتاز قادری کی پھانسی کے حوالے سے لکھوں گا اور بھی بہت کچھ لکھوں گا۔

شیخ رشید نے کہا میں نے پنڈی کو کبھی نہیں چھوڑا، میں فوج کے ساتھ تھا، ہوں اور رہوں گا۔ میں نے انہیں بتا دیا ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں، میں نے ان کو دھوکے میں نہیں رکھا۔ فوج کے ساتھ ساری زندگی اچھے تعلقات رکھوں گا، اب بھی فوج کے ساتھ صلح چاہتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا میں کبھی سپریم کورٹ کو نہیں چھیڑتا، اپنی بات پر قائم ہوں کہ مئی اہم ہے، میں فوجیوں اور ججز کے خلاف نہیں ہوں، عمران خان کوئی ایسا کام نہیں کرے گا جس سے فوج کو نقصان پہنچے۔

سابق وزیر مزید بولے کہ نواز شریف کے دونوں بیٹے جس میٹنگ میں بیٹھے اس میں بغیر حلف اٹھائے نہیں بیٹھ سکتے، یہ قانونی طور پر جرم ہے۔