Friday, April 26, 2024

عمران خان کا نیب قوانین میں ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنیکا اعلان

عمران خان کا نیب قوانین میں ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنیکا اعلان
June 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نیب قوانین میں ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اِنہوں نے نیب قوانین میں ترامیم کی ہیں، ہم اسی ہفتے سپریم کورٹ میں اسے چیلنج کریں گے۔ 26 سال پہلے قوم کو بتایا تھا جس قوم میں کرپشن ہو وہ ترقی نہیں کرسکتی۔ جس ملک میں قانون صرف غریبوں کے لیے ہو وہ تباہ ہوجاتے ہیں، جس ملک میں طاقتور قانون سے اوپر ہوں وہ بنانا ری پبلک بن جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کرپشن کسی بھی نظام کی جڑیں کھوکھلی کردیتی ہے، جب تک بڑے بڑے مجرموں کو قانون کے نیچے نہیں لائیں گے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ نیب قوانین میں ترامیم کرنا قوم سے مذاق ہے۔ ہمیں امید ہے ہماری عدالتیں اس پر پورا نوٹس لیں گی۔ یہ امپورٹیڈ حکومت آئی ہی اس مقصد کے لیے تھی، خرم دستگیر نے بھی بتا دیا یہ کس لیے حکومت میں آئے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب ترامیم پاس کرنے والوں کو بے شرمی کے جرم میں جیل میں ڈالنا چاہئے۔ شہبازشریف اور اس کے بچوں پر 24 ارب روپے منی لانڈرنگ اور کرپشن کے کیسز ہیں۔ نیب ترامیم کی وجہ سے آصف زرداری، نوازشریف اور اس کی بیٹی مریم نواز سمیت ان کے وہ تمام رہنماء بچ جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نئی ترمیم کے تحت آمدن سے زائد اثاثوں کے ثبوت نیب کو پیش کرنا ہوں گے۔ ان کے جتنے بھی رہنماء جن کے آمدن سے زائد اثاثے ہیں اس ترمیم کی وجہ سے بچ جائیں گے۔ انہوں نے منی لانڈرنگ کو نیب کے نیچے سے نکال کر ایف آئی کے نیچے کردی اور ایف آئی اے کس کے نیچے ہیں سب جانتے ہیں۔

عمران خان نے ترامیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئی ترمیم کے تحت اب کوئی بھی وزارت یا کسی عہدے پر رہتے ہوئے اپنے رشتہ داروں کے نام پر اثاثے بنائے کوئی نہیں پوچھے گا۔

انہوں نے کہا کہ این آر او کے لیے انہوں نے ہر موقع پر مجھے بلیک میل کیا۔ اب یہ فیٹف کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہے ہیں، فیٹف کی قانون سازی کے موقع پر انہوں نے این آر او ٹو لے لیا۔ نیب قوانین میں ترامیم ملک پر بمباری سے بھی بڑا جرم ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بولے کہ این آر او ون میں بھی امریکا کا ہاتھ تھا، ہمارے جیسے ممالک میں وائٹ کالر کرائم کو پکڑنا آسان نہیں۔ نیب قوانین میں ترمیم سے ملک کا 1100 ارب روپے اب ہضم ہوجائے گا۔ نواز شریف اور مریم نواز پاک صاف ہوکر نکل جائیں گے جن پر کیسز ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ قوم سے کہتا ہوں یہ جہاد ہے، ہم تو ہر صورت میں لڑیں گے۔ اب یہ ثابت ہوچکا ہے یہ مہنگائی ختم کرنے کے لیے حکومت میں نہیں آئے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی انہوں نے کی ہے۔ یہ اگر زیادہ دیر حکومت میں رہے تو ملک سری لنکا جیسے حالات کی طرف چلا جائے گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ میں ان کے خلاف پوری جدوجہد کروں گا، میں قوم کو ایک اور کال دینے لگا ہوں، ہم دکھائیں گے قوم کس طرف کھڑی ہے۔ سب نے دیکھ لیا اتوار کو قوم کس طرح باہر نکلی، تاریخ کبھی معاف نہیں کرتی، ان لوگوں کو جنہوں نے بھی ہم پر مسلط کیا ہے تاریخ انہیں کبھی بھی معاف نہیں کرے گی۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں نیب قوانین میں ترمیم پرسخت ردعمل دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جانتا تھا یہ اقتدار میں آ کر اپنے آپ کو بچائیں گے، ریفارمز کے نام پر اپنے کیسز بند کرنے کی کوشش کی گئی۔ نیب ترامیم کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے، ہر آئینی اور قانونی فورم سے رجوع کیا جائے گا۔ این آر او نے اس ملک کو معاشی اور اخلاقی طور پر نا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔