Thursday, April 25, 2024

عمران خان کا مہنگائی اور ٹیکسوں کیخلاف آئندہ ہفتے بڑے شہروں میں جلسوں کا اعلان

عمران خان کا مہنگائی اور ٹیکسوں کیخلاف آئندہ ہفتے بڑے شہروں میں جلسوں کا اعلان
June 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بجٹ میں نئے ٹیکسوں کی مذمت کرتے ہوئے مہنگائی اور ٹیکسوں کیخلاف آئندہ ہفتے بڑے شہروں میں جلسوں کا اعلان کردیا۔ 

عمران خان نے آئندہ ہفتے کی شام اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کا اعلان کردیا، ہفتے کی رات ہی لاہور، کراچی اور فیصل آباد میں جلسے ہوں گے۔

ہفتہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی پر بوجھ ڈالے گی، سپر ٹیکس سے اشیاء کی پیداوار مہنگی ہوگی اور بیروزگاری بڑھے گی۔ فیکٹریاں اور کارخانے بند ہوں گے۔ ہم نے ٹیکس نہیں ٹیکس بڑھانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

عمران خان نے کہا نیب قانون میں ترمیم کے بعد سارے ڈاکوؤں کو چھوٹ مل گئی۔ نیب ترامیم اس ملک کی تباہی ہے، حکومت نے انصاف کے نظام کی قبر کھودی ہے۔ پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں، نیب قانون میں ترامیم کے خلاف سپریم کورٹ گئے ہیں، عدلیہ پر پورا اعتماد ہے، وہ عوام پر ظلم نہیں ہونے دے گی۔