Thursday, April 18, 2024

عمران خان جھوٹ بولنے کے عادی، امریکا فوڈ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے جارہا ہوں، بلاول

عمران خان جھوٹ بولنے کے عادی، امریکا فوڈ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے جارہا ہوں، بلاول
May 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرِخارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے عمران خان جھوٹ بولنے کے عادی ہیں، وہ امریکا پیسے مانگنے نہیں، فوڈ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کرنے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بدھ کو نیویارک میں عالمی غذائی تحفظ سے متعلق وزارتی سطح کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرنے کے لیے منگل کو امریکا جائیں گے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی طرف سے بلائی جانے والی اس میٹنگ کا مقصد یوکرین پر روس کے حملے کے بعد دنیا بھر میں خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا جواب دینا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں فوری انسانی ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل کے لیے لچک پیدا کرنے کے لیے اقدامات کی نشاندہی کی جائے گی۔

وزارتی اجلاس کے بعد اگلے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ’’ تصادم اور خوراک کی سلامتی ‘‘ پر بحث ہوگی۔

اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد اور اپنے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے میران شاہ میں خودکش حملے کی مذمت جبکہ دہشت گرد حملے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بچوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔