Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کا سب سے بڑا خیرخواہ عمران خان ہے : اپوزیشن لیڈر

وزیراعظم کا سب سے بڑا خیرخواہ عمران خان ہے : اپوزیشن لیڈر
October 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی منظور وسان کی طرح خواب دیکھنے شروع کر دیے۔ کہتے ہیں وزیراعظم نوازشریف آئندہ ماہ اپنی کابینہ میں نیا وزیرخارجہ لے آئیں گے۔ وزیر اعظم کے سب سے بڑے خیرخواہ عمران خان ہیں۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے عمران خان کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کال دیتے ہیں مگر وہ کامیاب نہیں ہو پاتے۔ دھرنے کی سیاست کے ساتھ دراصل عمران خان نے نوازشریف کو الٹا سپورٹ کیا ہے اور ان کی خیرخواہی ہی کی ہے۔ عمران خان کی جب دال نہیں گلتی تو وہ آگے بڑھ جاتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے اس دوران نئے وزیرخارجہ کی آمد کی نوید بھی سنا دی۔ کہتے ہیں ان کے دباو¿ کے بعد وزیراعظم آئندہ ماہ اپنی کابینہ میں وزیرخارجہ کا اضافہ کرنے والے ہیں۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک کے لیے کوئی بھی غیرقانونی اقدام خطرناک ہو گا۔ مستحکم پاکستان کے لیے پارلیمانی نظام کے علاوہ دوسرا کوئی حل نہیں ہوسکتا ہے۔ نوازشریف خود کو احتساب کے لیے پیش نہیں کریں گے تو پھر شکوک وشبہات پیداہوں گے۔