Friday, March 29, 2024

عمران خان نے خورشیدشاہ کو ”ڈبل شاہ“ قرار دےدیا

عمران خان نے خورشیدشاہ کو ”ڈبل شاہ“ قرار دےدیا
October 26, 2016
اسلام آباد (92نیوز) عمران خان نے حکومت اور اپوزیشن لیڈر دونوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ عمران کا کہنا ہے خورشید شاہ کےخلاف نیب میں کیس ہیں۔ وہ نیب کے سربراہ کی مخالفت کیسے کریں گے۔ کپتان نے خورشیدشاہ کو ڈبل شاہ قرار دےدیا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پاناما لیکس پر تحقیقات کے لیے تیار ہی نہیں۔ احتساب اور جمہوریت ایک ہی چیز ہے۔ کرپشن کے خلاف احتجاج سے جمہوریت کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کے بعد سیاسی درجہ حرارت میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار سے خطاب میں بھی وزیراعظم کو پھر سے لتاڑ دیا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے پاناما لیکس پر پارلیمنٹ میں آکر جھوٹ بولا۔ عمران خان نے اسلام آباد دھرنے کے متعلق اپنے عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا اب کرپٹ الیون کے ساتھ میچ ہو گا۔ جمہوریت کو ڈی ریل کیے بغیر احتساب چاہتے ہیں۔ بادشاہ کو قانون کے نیچے لانا چاہئے۔ وزیراعظم ہو یا پٹواری سب قانون کے ماتحت ہیں۔ احتساب سب کاہونا چاہیے۔ کرپشن پر حکومت کو ہر صورت جواب دینا ہو گا۔ سربراہ تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا بیس سال سے جدو جہد کررہا ہوں سب سے لڑائی نہ لڑوں تو کیا کروں۔ آزاد عدلیہ ہی حکومت کو چیک کر سکتی ہے۔ ہمارے ملک کی اخلاقیات تباہ کر کے سب سے بڑا ظلم کیا جا رہا ہے۔ ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے عوام کو باہر نکلنا ہو گا۔