اسلام آباد (92 نیوز) - سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید کو گرفتار کیا تو یہ سوشل میڈیا کا دورہے، ہم نہیں رہے تو یہ بھی نہیں رہیں گے۔
اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سات آدمیوں کے خلاف تھانہ سیکرٹریت میں درخواست دے آیا ہوں، مجھے جان کا خطرہ ہے، یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے ملک کے اہم لوگوں کو درخواست دیدی ہے۔
سابق وزیرداخلہ نے کہا کل یہ بنکتر بند گاڑی میں گئے ہیں تو بھی نعرے پڑے، دنیا کے جس ملک میں بھی یہ جائییں گے لوگ انہیں انڈے اور ٹماٹر ماریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اجرتی قاتل ہے، پنجاب میں رانا ثنا اللہ کے ذریعے گند ڈالا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ ننگے پاؤں روضہ رسول ﷺ جانے والے عمران کو بھی ایف آئی آر میں ڈالا گیا۔ عمران کے خلاف سازش کو کیا اوورسیز نہیں سمجھتے؟ مقدمہ کی ایف آئی آر رانا ثنا اللہ نے لکھیں ہیں، ملک کے وزیراعظم کے خلاف فرد جرم لگنی ہے۔ بتایا جائے دنیا میں کوئی باپ بیٹا ایسا ہے جن پر کرپشن کی فرد جرم عائد ہونی ہوں اور وہ حکمران بن جائیں۔
شیخ رشید بولے کہ پاکستان کی فوج عظیم فوج ہے، فوج کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، میں پاک فوج اور ڈی جی آئی ایس آئی سے توقع رکھتا ہوں کہ وہ دیکھیں کہ کن کو ای سی ایل سے نکالا گیا ہے۔ ن لیگ نے حکومت میں آتے ہیں 300 لوگوں کو ای سی ایل سے نکالا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں سیاست سے ریٹائرڈ ہونے جارہا تھا، عمران خان کے خلاف انٹرنیشنل سازش کی وجہ سے رک گیا ہوں۔ میں ڈرتا نہیں ہوں، جیل میرا سسرال ہے، ہتھکڑی میرا زیور ہے۔ عمران کے ساتھ کھڑا ہوں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک میں جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، 60 فیصد وزیر ضمانت پر ہیں، عدلیہ انصاف کرے سارا بوجھ عدلیہ پر آنے لگا ہے۔ اس حکومت کو ایک ہی تکلیف ہے کہ شیخ رشید عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکمران چور اور ڈاکو ہیں، ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں، حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، میں تیارہوں، کل دو مرتبہ میرا پیچھا کیا گیا، وارنٹ گرفتاری لائیں، مقتدر حلقے رانا ثنا اللہ کو روکا جائے، پاگل آدمی کو وزیر داخلہ اس لیے بنایا گیا ہے کہ ملک میں خانہ جنگی ہو۔ رانا ثنا اللہ نے حاملہ عورتوں کو گولیاں ماریں۔
شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ عمران خان امن کی سیاست کررہا ہے، عوام خود اسلام آباد میں آرہے ہیں، عمران کی کال پر لوگ کیڑیوں کی طرح باہر نکلیں گے۔ عالمی سازش میں مقامی پیسہ استعمال ہوا ہے، ہمیں سامراجیوں نے نکالا، نواز شہباز لوکل ہینڈلر ہیں، دو ووٹوں پر حکومت کھڑی ہے، بحران ختم نہیں ہوا۔ پہلے الیکشن سے ہم گھبراتے تھے اب وہ گھبراتے ہیں۔