Friday, April 19, 2024

عمران خان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، فردوس عاشق کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

عمران خان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، فردوس عاشق کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
May 26, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - فردوس عاشق اعوان کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان، کہتی ہیں عمران خان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ کرکے منفی پراپیگنڈا پھیلایا گیا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، میرے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت شہداء کی یادگاروں پرحملہ کیا گیا، پی ٹی آئی کو مخصوص ٹولے نے قبضے میں لیا ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات ہوں اور ذمہ داران  کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ادھر ساہیوال اوکاڑہ اور پاکپتن سے بھی پی ٹی آئی رہنماؤں نے تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا، عظمت دیوان ،محمد علی شاہ کھگہ، ارشاد کاٹھیا سمیت دیگر شامل ہیں، پی ٹی آئی اوکاڑہ کے صدر طارق ارشاد نے پارٹی کا ٹکٹ بھی واپس کر دیا۔

سابق مشیر جیل خانہ جات خیبر پختونخوا ملک قاسم نے بھی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر لی۔ جنوبی پنجاب سے پی ٹی آئی کے مزید چار رہنماؤں نے بھی عمران خان کو خدا حافظ بول دیا۔