Saturday, May 4, 2024

عمران خان نے 30 اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کر دیا

عمران خان نے 30 اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کر دیا
October 6, 2016
اسلام آباد (92نیوز) عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ تیس اکتوبر کو اسلام آباد میں کسی کو حکومت نہیں کرنے دیں گے اور تمام راستے بند کر دیں گے۔ ایک سو چھبیس دن کے دھرنے نے خوب پریکٹس کرا دی ہے۔ انہوں نے کہا بلاول ایک طرف تو کہتا ہے کہ مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے لیکن دوسری جانب وہ اجلاس میں جا کر اسی وزیراعظم سے ہاتھ بھی ملالیتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ 30اکتوبر کو دارالحکومت اسلام آباد کو جام کر دیں گے۔ وزیراعظم استعفیٰ دیں یا احتساب کیلئے پیش ہوں۔ کپتان نے کہا وہ نہیں چاہتے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہو البتہ وزیراعظم کو احتساب کیلئے پیش ہونا چاہیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 30اکتوبر کو اپنے گھروں سے باہر نکلیں ورنہ ان کے بچے بھی شریف خاندان کی غلامی کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا قومی اسمبلی کے سیشن میں کھوکھلی تقریریں کی جاتی ہیں جبکہ ملک کو اندر سے تباہ کردیا گیا ہے۔ سارا اسٹیٹس کو اکٹھا ہے‘ ٹی اوآرزپر نوراکشتی کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا برکھادت نے کتاب میں لکھا کہ جندل نے مودی اور نوازشریف کی خفیہ میٹنگ کرائی۔ سب کہتے ہیں کہ اقوام متحدہ میں تقریر آرمی چیف کے دباو کی وجہ سے کی گئی۔ کونسا وزیراعظم ملک میں ایسا تاثر دیتا ہے‘ ایسا وزیراعظم اہل نہیں تو استعفیٰ دے دے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے کہا آصف زردرای ایان علی اور ڈاکٹر عاصم کو بچا رہے ہیں۔ بلاول ایک طرف تو کہتا ہے میاں صاحب مودی کے یار ہیں اور دوسری طرف ان سے ہاتھ بھی ملا رہا ہے۔ کپتان نے کہا ان سے اتنی منافقت نہیں ہو سکتی اور نہ وہ اتنے اچھے سیاستدان ہیں۔ انہوں نے اے این پی اور جے یو آئی ف کو بھی نہ بخشا اور کہا اے این پی اور مولانا فضل الرحمان کی جماعتیں کس طرح کی جمہوری پارٹیاں ہیں جو کہتی ہیں وزیراعظم کا احتساب نہ ہو۔ عمران خان نے کہا اگلا آرمی چیف کون بنتا ہے کون نہیں میرا اس سے کوئی لینا دینا نہیں نہ ہی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔