Friday, April 26, 2024

عمران خان نے وزیراعظم کو احتساب کیلئے محرم الحرام تک مہلت دیدی

عمران خان نے وزیراعظم کو احتساب کیلئے محرم الحرام تک مہلت دیدی
October 1, 2016
لاہور (92نیوز) عمران خان نے وزیراعظم کو احتساب کے لیے محرم تک کی مہلت دے دی۔ کپتان کا کہنا ہے کہ محرم کے بعد اسلام آباد بند کردیں گے اور حکومت نہیں چلنے دیں گے۔ کہتے ہیں پاناما لیکس الزام نہیں، کرپشن کے ثبوت ہیں۔ چوری کے پیسوں نے حکمرانوں کو بزدل بنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے رائے ونڈ جلسہ میں ڈیڑھ گھنٹے کی طویل تقریر کی اور اسلام آباد دھرنے کی یاد تازہ کردی۔ کپتان نے اپنی جوشیلی تقریر میں حکمرانوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاناما لیکس کے معاملے پر قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے کرپشن کا پیسہ باہر بھجوا کر بچوں کے نام پر جائیدادیں بنوائیں۔ عمران خان نے وزیراعظم کو احتساب کے لیے محرم تک مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد حکومت چلنے نہیں دیں گے اور اسلام آباد بند کر دیا جائے گا۔ کپتان نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف اب وہ مزید جلسہ نہیں کریں گے۔ سرحدوں پر کشیدگی نہ ہوتی تو یہیں بیٹھ جاتے۔ تحریک انصاف کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے چار قوانین توڑے ہیں، چوری کے پیسے نے حکمرانوں کو بزدل بنا دیا ہے۔ ان کا مسئلہ دل کا نہیں، پیٹ کا ہے‘ حکمرانوں کا آخری وقت آ گیا ہے۔