Friday, March 29, 2024

ایک ووٹ پر کھڑی حکومت اداروں سے مدت پوری کرنیکی بھیک مانگ رہی ہے، شیخ رشید

ایک ووٹ پر کھڑی حکومت اداروں سے مدت پوری کرنیکی بھیک مانگ رہی ہے، شیخ رشید
May 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایک ووٹ پر کھڑی وفاقی حکومت اداروں سے مدت پوری کرنے کی بھیک مانگ رہی ہے۔

بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو انہوں نے 25 کروڑ میں ووٹ بیچ دیا، ان کے پاس صرف ایک ووٹ کی اکثریت ہے، یہ نہیں چل سکتے۔ آصف زرداری نے انہیں وہاں مارا جہاں پانی بھی نہ ملے، ساری قوم عمران خان کے ساتھ ہے، یہ الیکشن میں جتنی دیر کریں گے اتنی ہی اپنی قبر کھودیں گے۔

شیخ رشید بولے کہ نگران وزیراعظم کیلئے راولپنڈی میں معیشت دانوں کے انٹرویوز ہورہے ہیں، 30 مئی سے پہلے فیصلے ہوجائیں گے۔ دیکھنا ہے کہ ایم کیو ایم اور بی اے پی کیا فیصلہ کرتی ہے۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے میں شہباز، حمزہ، زرداری، فریال کے کیسز ختم کرنے کی تیاری ہورہی ہے، ادارے سوئے ہوئے نہیں، یہ ایف آئی اے اور نیب کا کچھ نہیں کرسکتے، عدالتوں کے کردار اور اداروں کے احترام کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ وزارتیں بانٹنے میں سب کا اپنا مفاد ہے، یہ سارے میڈیا کی حد تک ہی اکٹھے ہیں، ساری قوم عمران خان کے ساتھ ہے، عمران خان سندھ میں انتخابی مہم اور ٹکٹوں کی تقسیم خود کریں گے۔