Friday, April 19, 2024

ایک ہفتہ میں مہنگائی کی شرح ایک اعشاریہ 53 فیصد بڑھ گئی

ایک ہفتہ میں مہنگائی کی شرح ایک اعشاریہ 53 فیصد بڑھ گئی
April 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سیاسی بحران میں مہنگائی کے مارے عوام اور پس گئے، ایک ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں ایک اعشاریہ 53 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 17 اعشاریہ 87 فیصد ہوگئی، ایک ہفتے کے دوران 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 8 کی قیمتوں میں کمی اور 21 کی قیمتوں مستحکم رہیں۔

گزشتہ ماہ مہنگائی ایک اعشاریہ ایک پانچ فیصد بڑھی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ شہروں کی نسبت دیہی علاقوں میں مہنگائی زیادہ بڑھی۔ ادارہ شماریات کے مطابق مارچ 2022ء میں مہنگائی میں 1 اعشاریہ 15 فیصد کا اضافہ ہو گیا۔ مجموعی شرح 12.24 فیصد تک پہنچ گئی۔

فروری 2021 میں مہنگائی کی شرح 8.7 فیصد تھی۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 3.54 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی تا فروری مہنگائی کی شرح 10.52 فیصد رہی۔ ایک سال میں ٹماٹر کی قیمت میں مجموعی طور پر 310 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔ دال مسور 38.42 فیصد مہنگی ہوئی۔

ایک سال میں سبزیوں کی قیمت میں 33.31 فیصد اضافہ ہوا، گوشت 23.64 فیصد، چاول 11.89 فیصد مہنگے ہوئے۔ شہری علاقوں میں جنوری 2022 کے مقابلے میں فروری میں ٹماٹر 191.72 فیصد مہنگے ہوئے۔ مرغی کی قیمت 11.61 فیصد، پھل 7.32 فیصد اضافہ ہوا۔ دیہی علاقوں میں ایک ماہ میں ٹماٹر 198.35 فیصد، مرغی 8.73 فیصد، سبزیاں 10.69 فیصد مہنگی ہوگئیں۔