Wednesday, April 24, 2024

عمران خان کی حکومت آئی ایم ایف سے اگلی قسط نہ لینے پر غور کررہی تھی، عمران اسماعیل

عمران خان کی حکومت آئی ایم ایف سے اگلی قسط نہ لینے پر غور کررہی تھی، عمران اسماعیل
June 18, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سابق گورنر سندھ اور پی ٹی آئی رہنماء عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت آئی ایم ایف سے اگلی قسط نہ لینے پر غور کررہی تھی۔

ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مفتاح اسماعیل قوم کو لالی پوپ دینا چاہتا ہے، 70 روپے میں پٹرول بیچنے کا دعویٰ کرنے والے قیمت 270 کرنے جا رہے ہیں۔ یہ روس سے سستا پٹرول نہیں لیں گے کیونکہ یہ ڈرتے ہیں۔ جو اپنے آپ کو تجربہ کار کہتے تھے، ان کا سب سے زیادہ تجربہ نالائقی میں ہے، انہوں نے اپنی جائیدادیں بچانے کے لیے کمپرومائز کیا ہے۔

عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ان کی ٹیم کی محنت کی وجہ سے ملک وائٹ لسٹ میں آرہا ہے۔ سازش کے تحت ہی عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں تھے تو آپ نے بھی لانگ مارچ کیا تھا، ہم نے کہیں لاٹھی چارج یا آنسوگیس کے شیل نہیں پھینکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ این اے 245 کا الیکشن بھرپور طریقے سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوگوں کو پتہ چلے گا کیوں عوام ووٹ ڈالنے نہیں آتے اور کیوں آتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماء نے مزید کہا کہ خرم دستگیر نے سانجھے کی ہانڈی بیچ چوراہے میں پھوڑ دی ہے۔