Friday, April 26, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف دونوں کو شہر اقتدار بند کرنے سے روکدیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف دونوں کو شہر اقتدار بند کرنے سے روکدیا
October 27, 2016
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، حکومت اور تحریک انصاف دونوں کوشہر اقتدار بند کرنے سے روکدیا۔ عدالت نے عمران خان کو 31 اکتوبر کو طلب کرلیا اور انتظامیہ کو حکم دیا کہ صرف پریڈ گراﺅنڈ میں مختص جگہ پر احتجاج کی اجازت دی جائے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کہتے ہیں امپائر صرف عدالتیں ہیں۔ دن کے آغاز کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت والوں کے لئے آگئی خوشخبری۔ 2 نومبر کو کسی سڑک پر کنٹینر ہوگا نہ ہی ہسپتال اور سکول بند ہونگے۔ یہ فیصلہ سنایا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اسلام آباد بند کرنے سے متعلق 4 شہریوں کی درخواستوں پرسماعت کی جس میں سیکرٹری داخلہ، کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے عمران خان کو 31 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب بھی کر لیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ کسی کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ حکومت سوئی ہوئی ہے جو ابھی تک کچھ نہیں کیا۔ لگتا ہے وہ حکومت کو مفلوج کرنا چاہتے ہیں۔ چیف کمشنر یقین دہانی کرائیں کہ کوئی سٹرک بند ہوگی نہ کوئی سکول اور ہسپتال۔ ان کا کہنا تھا کہ امپائر، تھرڈ امپائر اور ریزرو امپائر صرف پاکستان کی عدالتیں ہیں۔ کرکٹ میں رگبی کے اصول نہیں چلنے دیں گے۔ کمرہ عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف کی تقاریر کی ریکارنگز بھی چلائی گئیں جس پر عدالت نے کہا کہ ریکارڈنگ کے مطابق بادی النظر میں دھرنے کا پروگرام احتجاج نہیں بلکہ حکومتی مشینری کو کام کرنے سے روکنے کا منصوبہ ہے۔ عدالت نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو ہدایت کی کہ عمران خان کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے کہ پریڈگراﺅنڈ میں مخصوص جگہ پر احتجاج کریں۔۔ دوسری صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔۔