Friday, April 26, 2024

آئی ایم ایف مطالبوں کے سامنے سرتسلیمِ خم، سبسڈی کم، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی مہنگی کرنیکا فیصلہ

آئی ایم ایف مطالبوں کے سامنے سرتسلیمِ خم، سبسڈی کم، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی مہنگی کرنیکا فیصلہ
May 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر گھٹنے ٹیک دیئے، آئی ایم ایف کے مطالبہ پر سبسڈی کم کرنے سمیت پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا پیکیج جلد نہ ملا تو بجٹ تیار نہیں ہوسکے گا۔

ملکی معیشت کی ڈوبتی کشتی کو بچانا ہے تو جیسا ہم کہتے ہیں وہی کرنا پڑے گا۔ آئی ایم ایف نے حکومت کو بتا دیا حکومت نے بھی شرائط ماننے کیلئے حامی بھر لی۔ عوام بڑے جھٹکوں کیلئے تیار ہوجائے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق حکومت کی جانب سے سبسڈی رواں ماہ ہی کم کر دی جائے گی جبکہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی قیمتیں میں بھی جون کے پہلے ہفتے تک اضافہ کر دیا جائے گا۔

30 سے زائد شعبوں میں ڈیوٹیز اور ٹیکسز میں اضافہ کرکے درآمدات کو کم کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے اوگرا، ایف بی آر اور نیپرا کو ٹیکسز اور قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے تیار رہنے کی ہدایت کردی۔۔۔آئندہ چند روز تک اس ضمن میں متعلقہ نوٹیفکیشن آئی ایم ایف کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق 20 دن کے اندر اندر آئی ایم ایف کے پیکج کو لاگو نہ کیا گیا تو بجٹ کی تیاری ممکن نہیں ہوسکے گی۔ آئی ایم ایف حکام سے مذاکرات میں حکومت نے پہلے کے فیصلے ریورس نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔