Thursday, April 25, 2024

آئی ایم ایف معاہدوں کے چنگل سے نکلیں گے تو ڈالر نیچے، اسٹاک مارکیٹ اوپر جائیگی، مفتاح اسماعیل

آئی ایم ایف معاہدوں کے چنگل سے نکلیں گے تو ڈالر نیچے، اسٹاک مارکیٹ اوپر جائیگی، مفتاح اسماعیل
May 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کہتے ہیں عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدوں کے چنگل سے نکلیں گے تو ڈالر نیچے آ ئے گا اور اسٹاک مارکیٹ اوپر جائے گی۔

جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرول پر سبسڈی نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو شدید مالی دباؤ سے دوچارکیا۔ عمران خان معیشت کو جس نہج پر چھوڑاواپس لانا آسان نہیں، انشاءاللہ! ہم معیشت کو واپس لائیں گے۔

مفتاح اسماعیل بولے کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت خرید اور پاکستان میں قیمت فروخت کے درمیان فرق سے حکومت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ حکومت کے پاس پیسے نہ ہوں اور وہ پھر بھی سبسڈی دے تو مزید قرض لینا پڑتا ہے اس وجہ سے شرح سود میں اضافے کے ساتھ روپے پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

وزیرِخزانہ بولے کہ عمران خان نے 71 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا قرض لیا، ساڑھے 3 سال میں 20 ہزار ارب روپے قرض لیا گیا، 10.4 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر چھوڑ کر گئے جو صرف 45 دن کی امپورٹس کے مساوی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے کئے تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کی جسے ہمیں دوبارہ بحال کرنا پڑا۔ چین سعودی عرب سمیت تمام ممالک سے پاکستان کے تعلقات میں مسائل پیدا کئے جن پر اب ہم نے قابو پالیا ہے۔ عمران خان جواب دے کہ 115 سے ڈالر 179 پر کیوں لے کر گیا؟ شہباز شریف کے آنے کے بعد ڈالر نیچے آیا، اسٹاک ایکسچینج میں 1700 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔