Friday, April 19, 2024

آئی ایم ایف کا پاکستان میں بجٹ خسارہ بڑھانے والے اقدامات کی نگرانی کا فیصلہ

آئی ایم ایف کا پاکستان میں بجٹ خسارہ بڑھانے والے اقدامات کی نگرانی کا فیصلہ
June 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - آئی ایم ایف نے پاکستان میں بجٹ خسارہ بڑھانے والے اقدامات کی مسلسل نگرانی کا فیصلہ کر لیا۔

آئی ایم ایف کی پس پردہ حکمت عملی کے نئے پہلو سامنے آ گئے۔ ذرائع کے مطابق خسارے بڑھانے والے اقدامات کی مسلسل نگرانی ہو گی۔ مالیاتی نگرانی سسٹم کے مؤثر ہونے پر ہی پاک آئی ایم ایف معاہدہ مؤثر ہو گا اور پیکیج سے قسط کا اجرا ہو گا۔

ذرائع کے مطابق فنانس ایکٹ 2022-23 میں نگرانی سسٹم کی منظوری اس ضمن میں لازمی شرط ہے ۔ اسٹیٹ بنک، ایف بی آر، وزارت خزانہ اور وزارت تجارت ہفتہ وار بنیادوں پر مالیاتی رپورٹ تیار کریں گے۔ مانیٹرنگ کا مقصد نئے قرضوں، بجٹ اندراج کے بغیر اخراجات اور امپورٹ بل کو آئی ایم ایف فریم ورک کے اندر رکھنا ہے۔

 سبسڈی کسی بھی شکل میں دینے کی مانیٹرنگ ہو گی۔ بجٹ کے ہر ہیڈ کے تحت بنکوں سے رقوم حاصل کرنے کی مانیٹرنگ اسٹیٹ بنک کی ٹیم کرے گی۔ ٹرانزیکشن مانیٹرنگ ٹیم سنگل ٹریژری اکاؤنٹ نمبر ون سے نکلنے والی رقوم کی رپورٹنگ آئی ایم ایف کو کرے گی۔ ٹیکسوں کے نئے طریقہ کار اور شرحوں پر عملدرآمد کی نگرانی اسلام آباد کا آئی ایم ایف آفس کرے گا۔ آڈیٹر جنرل سے ہر ماہ محکموں کو جاری ہونے والے فنڈز اور اخراجات کی رپورٹ حاصل کی جائے گی۔