Thursday, May 2, 2024

آئی جی اسلام آباد نے پی ٹی آئی دھرنے سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی

آئی جی اسلام آباد نے پی ٹی آئی دھرنے سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی
June 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - عدالتی حکم کے برعکس ڈی چوک پہنچنے کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد نے پی ٹی آئی دھرنے سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

آئی جی اسلام آباد کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے ریڈ زون جانے والے راستے بند کر دیے گئے تھے لیکن 25 مئی کو مظاہرین کے گروپ نے ڈی چوک کی جانب جانا شروع ہو گئے جہاں مظاہرین نے درختوں کو جلایا جبکہ پارٹی مشتعل افراد کو قیادت کی جانب سے رکاوٹیں ہٹانے اور پولیس کے ساتھ مزاحمت کی ترغیب دی گئی جس میں بیشتر مظاہرین مسلح تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی رہنماء عمران اسماعیل، سیف نیازی، زرتاج گل اور دیگر کی قیادت میں 2 ہزار مظاہرین ریڈ زون کی رکاوٹیں ہٹانے کی متعدد کوششیں کرتے ریڈ زون میں داخل ہوئے جنہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

انہوں نے رپورٹ میں بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا اور میڈیا پر اعلانات کیے گئے کے مظاہرین ریڈ زون سے دور رہیں لیکن اسکے باوجود اعلیٰ قیادت نے کارکنان کو اکسایا۔ پولیس و انتظامیہ کی جانب سے ریڈ زون میں داخلے کی کوششوں کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گئے تھے۔

رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ مظاہرین کی جانب سے پتھرائو کے باعث 23 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے تاہم اسکے باوجود طاقت کے استعمال سے پر حد تک گریز کیا اور خدشات بڑھنے پر آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کیا گیا۔ پولیس نے 77 لوگوں کو 19 مختلف مقدمات میں گرفتار کیا۔