Saturday, July 27, 2024

آئی ایم ایف سے پیکیج جلد مل جائیگا، معیشت کنٹرول میں ہے، مفتاح اسماعیل

آئی ایم ایف سے پیکیج جلد مل جائیگا، معیشت کنٹرول میں ہے، مفتاح اسماعیل
July 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف سے پیکیج جلد مل جائے گا، معیشت کنٹرول میں ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین نے 2.4 ملین ڈالر دیئے، چہ میگوئیوں پر کان مت دھریں۔ ہمیں گزشتہ حکومت کی نااہلیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جلد آٹا، گھی، تیل کی قیمتوں میں کمی کی نوید سنا دی، کہا عالمی قیمتوں میں کمی آرہی ہے، ملک میں گھی اور تیل کی قیمتیں تین سو سے چار سو روپے کلو کے درمیان آجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا بھی جلد خاتمہ ہوگا، روزانہ سو، ڈیڑھ سو میگاواٹ بجلی زیادہ بنا رہے ہیں۔ مزید بولے کہ پی ٹی آئی حکومت نے روس سے تیل خریداری کی کوئی بات نہیں کی۔ کاش پی ٹی آئی سستی گیس خریدنے کے معاہدے کیے ہوتے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا ہم نے بجٹ میں امیرافراد سےقربانی مانگی، غریبوں کو ریلیف دیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام، لنگرخانے یا کوئی دوسرا پروگرام بند نہیں کیا، لنگرخانوں میں عمران خان کی حکومت کا کوئی حصہ نہیں تھا۔