Friday, April 26, 2024

ہیٹ ویو، برطانیہ کا دوتہائی رقبہ خشک سالی کا شکار

ہیٹ ویو، برطانیہ کا دوتہائی رقبہ خشک سالی کا شکار
August 13, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - ہیٹ ویو کی وجہ سے برطانیہ کا دوتہائی رقبہ خشک سالی کا شکار ہوگیا۔ 

برطانیہ میں بارشیں نہ ہونے کے اثرات ظاہر ہونے لگے، ملک کے کئی حصوں میں خشک سالی کا سرکاری طور پر اعلان کردیا گیا۔ خشک سالی جنوب مغربی، جنوبی، وسطی اور مشرقی انگلینڈ کے کچھ حصوں میں ہے، لندن سے میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں عوام پر پانی کے عام اور کمرشل استعمال پر پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔

برطانیہ کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کا آغاز ہوگیا جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 35 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ گرمی کی شدید لہر پیر تک برقرار رہنے کا امکان ہے، ماحولیاتی ایجنسی کے مطابق موسم گرما میں کم بارشیں اور درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ خشک سالی کا باعث ہے۔

انگلینڈ کے بیشتر علاقوں اور ویلز میں ایمبر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے برطانوی میٹ آفس کے مطابق درجہ حرارت 37 ڈگری سے بھی تجاوز کرسکتا ہے، میٹ آفس نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہفتے میں آگ لگنے کے واقعات بھی رونما ہوسکتے ہیں۔

ادھر دوسری جانب جرمنی کا تجارتی سرگرمیوں کے لحاظ سے اہم دریا رائن خشک ہونے لگا، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دریائے رائن میں پانی کی سطح صرف 30 سینٹی میٹر رہ گئی، بحری جہازوں کی آمدورفت بند ہونے کے قریب ہے۔

جرمنی کے پاور پلانٹس کو کوئلے کی ترسیل کی بند ش کا سامنا ہے، روسی گیس کی سپلائی میں کمی اور کوئلے کی ترسیل متاثر ہونے سے توانائی کے شدید بحران کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ دریا کے کنارے لگے پاور پلانٹس اور کارخانوں تک خام مال اسی دریا سے جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی کی کمی جرمنی کی معیشت کے لئے تباہی کا الارم ہے۔