Saturday, April 27, 2024

ہیوسٹن میں عمران خان کی حکومت کے خاتمے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ہیوسٹن میں عمران خان کی حکومت کے خاتمے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
April 12, 2022 ویب ڈیسک

ہیوسٹن (92 نیوز) - امریکی ریاست ہیوسٹن میں عمران خان کی حکومت کے خاتمے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ ہیوسٹن میں مقیم پی ٹی آئی کے کارکنوں نے نئی حکومت کیخلاف نعرہ بازی کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے خلاف پاکستان کی طرح امریکا کے مختلف شہروں میں بھی پُرامن احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران امریکی شہر ہیوسٹن میں دوسرا بڑا مظاہرہ منعقد کیا گیا جس میں روزے کے باوجود افطار سے قبل ہزاروں پاکستانیوں نے شرکت کی۔

پُرامن احتجاجی مظاہرے میں شریک مرد وخواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں عمران خان کے پوسٹر، احتجاجی بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین عمران خان کی حمایت میں اور نئی مخلوط حکومت کے رہنماؤں کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔

مظاہرے کا اہتمام فرینڈز آف پاکستان نے کیا تھا، تحریک انصاف کی رہنماء نائلہ برکی، طارق مجید اور دیگر رہنماؤں نے فوری الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ انصاف کے حصول تک امریکا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔