ہیلتھ کارڈ میں ہر طبقہ فکر کے لوگ شامل ہیں، فواد چودھری

لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں ہیلتھ کارڈ میں ہر طبقہ فکر کے لوگ شامل ہیں۔
اتوار کو لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے صحت اور تعلیم میں آنے تک مسئلے حل نہیں ہوں گے۔
فواد چودھری نے کہا حکومت جنوبی بلوچستان کی ترقی کے لیے 700 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ پانچ مرلہ گھر کے لیے پنجاب حکومت تین لاکھ روپے امداد دے رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی وہ واحد پارٹی ہے جو اپنے امیدوار پورے ملک میں کھڑا کرسکتی ہے۔ ن لیگ بس سنٹرل پنجاب کی جماعت ہے، پیپلزپارٹی اندرون سندھ جبکہ جمیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا تک محدود ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی 197 ارب کا قرضہ گیس پر چھوڑ کر گئے، اب پاکستان کو 90 ارب گیس کے لیے خرچ کرنا پڑتا ہے۔
خیبرپختونخوا اور پنجاب کے تمام پریس کلبز کو صحت کی سہولیات دینے جارہے ہیں، حکومت صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو صحت کی جدید ترین سہولیات فراہم کرے گی۔ پاکستان بھر میں صحافیوں کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت سبسڈی والے گھر فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی اگلے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد مرکز میں حکومت جاری رکھے گی۔