Sunday, September 8, 2024

حکومت سے نکل گیا تو موجودہ اپوزیشن سے زیادہ خطرناک ثابت ہوں گا، وزیراعظم

حکومت سے نکل گیا تو موجودہ اپوزیشن سے زیادہ خطرناک ثابت ہوں گا، وزیراعظم
January 23, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا حکومت سے نکل گیا تو موجودہ اپوزیشن سے زیادہ خطرناک ثابت ہوں گا۔

عوام کے سوالوں کے براہ راست جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے اپنے مخالفین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت میں بیٹھ کر ان کے تماشے دیکھتے رہتے ہیں۔ اگر وہ سڑکوں پر نکل آئے تو انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ عوام مہنگائی سے تنگ ہیں لیکن اپوزیشن کی چوری بچانے کیلئے نہیں نکلیں گے۔ جو لندن بھاگا ہے وہ کبھی واپس نہیں آئے گا کیونکہ اسے پیسے سے پیار ہے۔ پارٹی کو متحد رکھنے کیلئے واپسی کا شوشہ چھوڑتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کچھ صحافی کہہ رہے ہیں کہ لندن بیٹھے مجرم کو تقریر کا موقع دو، ایسا کرنا ہے تو پھر جیلوں کو بھی کھول دیں، ان کا کیا قصور ہے مجرموں کے سوا سب کو ساتھ لے کر چلنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پر بھی کڑی تنقید کی اور عدلیہ سے اپیل کی کہ وہ مقدمات کے جلد فیصلے کرے۔

وزیراعظم نے مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے اس پر اپنی پریشانی کا اظہار بھی کیا، کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے ، یورپ میں تیس سال میں سب سے زیادہ مہنگائی اس وقت ہے۔ انہوں نے تیل کی قیمتیں اور بڑھنے کا بھی خدشہ ظاہر کر دیا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال بہتر ہو رہی ہے اس لیے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن رہنماؤں کو گھٹیا قرار دے دیا، کہا شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر نہیں، قوم کا مجرم سمجھتے ہیں۔ شہباز شریف نے اربوں کی کرپشن کرنے والے بیٹے اور داماد کو باہر فرار کرا دیا۔ اپوزیشن سے کوئی مفاہمت نہیں کرنی، یہ سب مافیاز ہیں۔ حکومت بنانے پر کوشش کی تھی ہر ماہ جواب دہ ہوں مگر پارلیمنٹ میں این آر او کا کراؤڈ بیٹھا ہے، وہاں بات نہیں کرنے دی جاتی۔

انہوں نے کہا پاکستان میں تنخواہ دار طبقہ زیادہ متاثر ہوا۔ تنخواہوں کے معاملے پر کام کر رہے ہیں۔ کسانوں کے پاس بہت پیسہ آیا۔ مزدوروں کی تنخواہیں چالیس سے ساٹھ فیصد بڑھ گئیں۔ اسٹے آرڈر لینے والے کارٹلز کیخلاف عدالت جائیں گے، قوم کو خوشخبری ملے گی۔ جلد ساٹھ لاکھ تعلیمی اسکالرشپس کا اعلان کریں گے۔ عوام اپنے مسائل سٹیزن پورٹل پر نوٹ کرائیں، وہ خود ایکشن لیں گے۔ ٹی ٹی پی اور ناراض بلوچوں سمیت سب سے بات کرنے کو تیار ہوں۔ ستر سال میں جو چیزیں خراب ہوئی ہیں وہ ایک دن میں کیسے ٹھیک ہو سکتی ہیں؟پی ٹی آئی حکومت موجودہ اور اگلی مدت بھی پورے کرے گی۔