Friday, April 19, 2024

حکومت نے پٹرولیم ڈویژن کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی

حکومت نے پٹرولیم ڈویژن کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی
April 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی حکومت نے پٹرولیم ڈویژن کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35 روپے تک اضافے کی سمری مسترد کردی اور فیصلہ آئندہ حکومت پر چھوڑ دیا۔

وفاقی حکومت نے قرار دیا کہ اگلی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے یا مسترد کرنے کا فیصلہ کریگی۔ پٹرولیم ڈویژن نے اپنی سمری میں موقف اپنایا کہ پرائس ڈیفرینشیل کلیم کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس لئے پٹرول 27 روپے اورہائی سپیڈ ڈیزل 35 روپے فی لٹر تک مہنگا کردیا جائے۔ اگر قیمتیں فوری طور پر نہ بڑھائی گئیں تو ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت پیدا ہوجائیگی۔

پٹرولیم ڈویژن نے سمری میں پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی اور پٹرولیم لیوی زیرو کی سطح پر برقرار رکھنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے 30 جون تک قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ 30 جون تک قیمتیں برقرار رکھنے سے حکومت کو 136 ارب روپے کی سبسڈی دینا ہوگی۔ پرائس ڈیفرنشل کلیم کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مالی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔