Saturday, July 27, 2024

حکومت نے بجلی صارفین کو بلوں میں ریلیف دینے کیلئے پلان آئی ایم ایف کیساتھ شیئر کردیا

حکومت نے بجلی صارفین کو بلوں میں ریلیف دینے کیلئے پلان آئی ایم ایف کیساتھ شیئر کردیا
August 31, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت نے بجلی صارفین کو بلوں میں ریلیف دینے کیلئے پلان آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کردیا۔ منظوری کی صورت میں 400 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین بل 2 اقساط میں جمع کرا سکیں گے۔

بجلی کے بلوں میں عوام کو کس قدر ریلیف دیا جا سکتا ہے، حکومت نے اپنا پلان تیار کر کے آئی ایم ایف کو بھیج دیا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف سے منظوری کے بعد 400 یونٹ والوں کو ریلیف ملے گا، بجلی بلوں کو اقساط میں وصول کرنے کیلئے آئی ایم ایف کی رضامندی مل سکتی ہے، آئی ایم ایف نے رضامندی ظاہر کی تو دو ماہ کیلئے معاہدہ ہو سکتا، اگست اور ستمبر کے بلوں کو اقساط میں لینے کیلئے وزارت خزانہ تحریری گارنٹی دے گی، تاہم بجلی بلوں میں ٹیکسیشن میں کمی کیلئے آئی ایم ایف ریلیف نہیں دے گا، آئی ایم ایف سے بلوں میں ریلیف پر آج جواب ملنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب بلوم برگ کے مطابق نگران حکومت نے بھی آئی ایم ایف کی کسی بھی شرط سے روگردانی نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، بجلی کی فی یونٹ قیمت آئی ایم ایف کی مشاورت کے بغیر نہ کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

بلومبرگ کا کہنا ہے کہ شہباز حکومت کی جانب سے تسلیم کی گئی شرائط پر پورا عملدرآمد ہوگا، پاکستان کے پاس سبسڈی دینے کے لیئے وسائل دستیاب نہیں تاہم حکومت کم آمدنی والوں کو سوشل سیکورٹی نیٹ ورک کے ذریعے تحفظ دے گی،اسی طرح چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کو ترقی دینے کے پلان پر عمل کرے گی۔