Saturday, July 27, 2024

حکومت میں آنے کے بعد عمران خان نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، نعمان لنگڑیال

حکومت میں آنے کے بعد عمران خان نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، نعمان لنگڑیال
April 5, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پی ٹی آئی کے منحرف رکن نعمان لنگڑیال کا کہنا ہے حکومت میں آنے کے بعد عمران خان نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا مگر جتنی کرپشن اسکے دور میں ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں ترین گروپ کے ارکان نے پریس کانفرنس کی۔ سابق صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے کہا لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے نعرے پر تحریک انصاف میں گئے۔ بعد میں اسی جماعت میں کرپشن بڑھتی گئی اور ایوان وزیر اعلی بدعنوانی کا گڑھ بن گیا لیکن کوئی اصلاح نہ کی گئی۔

نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا الیکشن میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا لیکن ہم ان کے لیے کچھ نہیں کر سکے۔ ہم غریبوں کے ذمہ دار ہیں لیکن خان صاحب نے غریب عوام اور ان کے مسائل پر ایک بھی میٹنگ نہیں کی۔

ترین گروپ میں شامل ہونے والی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار نے کہا عمران خان اپنا منشور اور پارٹی نہیں سنبھال سکے۔ مجھے پارٹی سے آڈیو پر باہر نکال دیا گیا۔ آڈیو لیک ہونے پرعلیمہ خان نے کہا جو مرضی کر لیں خان صاحب ایکشن نہیں لیں گے۔