Wednesday, May 1, 2024

حکومت کرنیکا موقع ملا تو پاکستان کو 110 ڈگری بدلوں گا، آصف زرداری

حکومت کرنیکا موقع ملا تو پاکستان کو 110 ڈگری بدلوں گا، آصف زرداری
June 18, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کرنے کا موقع ملا تو پاکستان کو 110 ڈگری بدلوں گا۔ اب پنجاب میں بیٹھوں گا اور سب سے ملکر کام کرونگا۔ انوکھے لاڈلے کی چار سالہ پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے عہدیداروں اورکارکنوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت کرنے کا موقع ملا تو پاکستان کو 110 ڈگری بدلوں گا، انشاء اللہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، پورا شیئر لیں گے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو بحریہ ٹاؤن آنے میں مشکل ہوتی ہے، گلبرگ شفٹ ہو رہا ہوں، پنجاب میں بیٹھنا اور کارکنوں کو عزت دینی ہے۔ لوگوں کو پتہ چلنا چاہیے پیپلز پارٹی کا صدر گلبرگ میں بیٹھا ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ اب پنجاب میں بیٹھوں گا اور سب سے ملکر کام کروں گا، یہ کہنا کہ پنجاب، گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی ختم ہوگئی سفید جھوٹ ہے، ہم نے اپنی سیاست کمزور کر کے پاکستان بچانے کی کوشش کی، انوکھے لاڈلے کی چار سال کی پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ یہ ہماری کب سنتے ہیں، جب ضرورت پڑتی ہے تب سنتے ہیں، اشرف بارا کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔