Wednesday, April 24, 2024

حکومت کو عمران کے گناہوں کا ٹوکرا اپنے سر پر نہیں اٹھانا چاہئے، مریم نواز

حکومت کو عمران کے گناہوں کا ٹوکرا اپنے سر پر نہیں اٹھانا چاہئے، مریم نواز
May 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں حکومت کو عمران کے گناہوں کا ٹوکرا اپنے سر پر نہیں اٹھانا چاہئے۔

جمعرات کے روز نیب پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران کو عوام میں جانے دیں عوام بتائیں گے کہ مہنگائی تمھاری وجہ سے ہے، اب یہ الٹے بھی لٹک جائیں انکا سیاسی مستقبل ختم ہوچکا، عوام فتنوں میں الجھنے کے بجائے نوازشریف کو دوتہائی اکثریت دلائیں۔

مریم نواز بولیں کہ عمران خان کی حکومت میں نیب اس کے کنٹرول میں تھا، نیب کے پاس اس کیس میں جمع کرانے کیلئے کوئی ثبوت نہیں، ثبوت ہوتے تو نیب اب تک جمع کروا دیتا۔ عدالت سےدرخواست ہے میں نے کوئی جرم کیا تو سزا دیں، اگر کوئی ثبوت نہیں تو عدالت میرے حقوق متاثر نہ ہونے دے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب سےعمران خان کی کرسی ہلی، نیب کے پاس بتانے کو کوئی جواب نہیں، فرح خان کا بنی گالا میں بیٹھی ملکہ عالیہ سے ڈائریکٹ تعلق تھا۔ پنجاب میں اصل وزارت اعلیٰ فرح خان کے پاس تھی۔ ہم نےعمران خان کو عزت اور آئینی طریقے سے گھر بھیجا۔

نائب صدر مسلم لیگ نون کہتی ہیں کہ مختصر وقت کیلئے آئی مخلوط حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی، افواج پاکستان ایک اہم اور قابل احترام ادارہ ہے، فوج کا سربراہ ایسے انسان کو ہونا چاہئے جس پر کوئی شک و شبہ نہ ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے بدترین انتقام کے باوجود ن اور ش ایک ہی ہے، چار ہفتے پہلے وزرا کہتے تھے پوری دنیا میں مہنگائی لیکن پاکستان سستا ملک ہے، پی ٹی آئی کے لوگ اپنی ہی لائی ہوئی مہنگائی کے خلاف بول رہے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ 2013 میں بھی معاشی حالات برے تھے، نوازشریف نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، یہ سیاسی شہید بننے کی کوشش بھی کریں تو 4 سالہ کارکردگی ان کا منہ چڑائے گی۔