Saturday, May 4, 2024

حکومت کیخلاف غیرملکی مراسلے میں دھمکی کا معاملہ، سینئر امریکی سفارتکار کی وزارت خارجہ طلبی

حکومت کیخلاف غیرملکی مراسلے میں دھمکی کا معاملہ، سینئر امریکی سفارتکار کی وزارت خارجہ طلبی
April 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستانی حکومت کو دھمکی کا معاملہ شدت اختیار کر گیا۔ سینئر امریکی سفارتکار کی وزارت خارجہ طلبی ہوئی۔ پاکستان نے امریکی سفارتکار سے اندرونی معاملات میں مداخلت پر شدید احتجاج کیا۔ قائم مقام ناظم ا لامور کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے طلبی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا امریکی سفارتکار کو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلے پر طلب کیا گیا۔ سفارتی ذرائع سے مطلوبہ احتجاجی مراسلہ بھی سفارتکار کے سپرد کیا گیا۔

دوسری جانب  ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے الزامات مسترد کر دئیے۔ ترجمان نیڈ پرائس نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں جاری صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ امریکا پر عائد الزامات میں کوئی حقیقت نہیں۔ پاکستان کے آئینی عمل کا احترام کرتے ہیں۔

تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ملکی سیاست میں ہنگامہ خیزی تو پہلے ہی برپا تھی لیکن وزیراعظم نے ستائیس مارچ کو جلسے میں غیر ملکی دھمکی آمیز خط لہرا کر نئی ہلچل پیدا کر دی تھی۔

اپوزیشن دھمکی آمیز خط کو مشکوک قرار دیتی رہی ہے۔ اب امریکی ناظم الامور کی طلبی اور باضابطہ احتجاج سے معاملہ نیا رخ اختیار کر چکا ہے۔