Friday, April 19, 2024

حکومت کے خلاف سازش اور رجیم تبدیلی کے بعد معیشت خراب ہونا شروع ہوئی، عمران خان

حکومت کے خلاف سازش اور رجیم تبدیلی کے بعد معیشت خراب ہونا شروع ہوئی، عمران خان
June 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے حکومت کے خلاف سازش اور رجیم تبدیلی کے بعد معیشت خراب ہونا شروع ہوئی۔

عمران خان نے غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ملک کس نے چلانا ہے، فیصلہ عوام کو کرنے دیا جائے۔ ہماری حکومت نے قیمتوں میں استحکام رکھا۔ ہمیں معاشی طور پر روس کی ضرورت تھی۔ 30 فیصد رعایت پر تیل مل رہا تھا۔ معلوم نہیں تھا روس پہنچنے کی اگلی ہی صبح تنازع شروع ہو جائے گا۔ پہلی بار کسی حکومت کو کرپشن الزامات کے بغیر ہٹایا گیا۔ میری حکومت گرانے کے بعد ایسی حکومت آئی جس کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے۔ صرف دو خاندان 30 سالوں سے پاکستان چلا رہے ہیں۔ ہماری واحد حکومت تھی جس نے دونوں خاندانوں کی اجارہ داری ختم کی۔ پہلے دونوں جماعتیں ایک دوسرے کےخلاف لڑتی تھیں اب مل کر میرے خلاف ہو گئیں ۔ موجودہ حکومت معیشت ٹھیک کرنے کے بجائے کرپشن کیسز ختم کرا رہی ہے۔

عمران خان نے کہا حکومت موجودہ معاشی صورتحال ٹھیک کرنےکی اہل نہیں۔ ہم صرف صاف و شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ عوام کو فیصلہ کرنے دیں کہ کس کو حکومت کرنی چاہیئے۔ ڈونلڈ لو نے ہمارے سفارتکار کو دھمکی دی۔ عمران خان کو اعتماد کے ووٹ کی تحریک میں نہ ہٹایا گیا تو پاکستان کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ہم رجیم چینج معاملے کی تحقیقات چاہتے ہیں۔ سازش کے تحت منتخب وزیراعظم کو ہٹانا 22 کروڑ عوام کے ملک کی توہین ہے۔